کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 6164 ٹیسٹ کئے گئے جس سے کورونا وائرس کے 1017 نئے کیسز کا پتہ چلا ہے جوکہ 26 فروری کے بعد جب کورونا وائرس کا پہلا کیس دریافت ہوا یہ سب سے زیادہ اعداد و شمار ہیں۔ اس بات کا انکشاف انہوں نے وزیر اعلی ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6164 نمونے ٹیسٹ کیے گئے جن سے 1017 یعنی 16.5 فیصد نئے کیسز کا پتہ چلا۔ انھوں نے کہا کہ 26 فروری سے جب پہلے کیس کی تشخیص ہوئی تو اسکے بعد یہ چار ہندسوں کی تعداد میں یہ 1017 کیسز سب سے زیادہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 137540 ٹیسٹ کرائے جا چکے ہیں جن میں سے18964 یعنی 12.8 فیصد کیسز کی مثبت تشخیص ہوئی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مزید 17 مریض فوت ہوگئے ہیں اس طرح ہلاکتوں کی تعداد 316 ہوگئی ہے جو کل مریضوں کا 1.6 فیصد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 127 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 32 کو وینٹی لیٹرز پر رکھا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس وقت 13003 مریض زیر علاج ہیں۔ مریضوں کی سب سے بڑی تعداد 11516 یعنی 88 فیصد گھروں میں آئسولیشن میں، 809 قرنطینہ مراکز میں اور 678 یعنی 5.8 فیصد اسپتالوں میں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 904 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے۔
وائرس کو شکست دینے اور اپنے گھروں کو لوٹنے والے مریضوں کی تعداد 5645 یعنی کل مریضوں کا 30 فیصد ہوچکی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 1017 مریضوں میں سے 813 کا تعلق کراچی سے ہے۔ انہوں نے بریک اپ دیتے ہوئے کہا کہ 230 شرقی، 157 جنوبی، 144 وسطی، 109 کورنگی، 97 غربی اور 76 ملیر شامل ہیں۔
معمول کے مطابق کراچی مقامی ٹرانسمیشن کے کیسز میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں 27، لاڑکانہ 26، خیر پور 18، سکھر 15، گھوٹکی 15، بدین، شہدادکوٹ 7-7، ٹھٹھہ 7، شہید بینظیر آباد 6، سانگھڑ 4، دادو 3اور سجاول اور جیکب آباد میں 2-2کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایک بار پھر سندھ کے عوام سے چوکس رہنے اور وائرس سے محتاط رہنے کی اپیل کی بصورت دیگر وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔