کراچی: چئیرمین ڈی ایم سی (ضلع شرقی) معید انور نے کہا ہے کہ ضلع شرقی کی یوسیز میں جتنے ترقیاتی سر انجام دئیے گئے ہیں، اس سے عوام مطمئن اور خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ڈی ایم سی ایسٹ نے کہا کہ یہ بات ہمارے لئے باعث اطمینان ہے کہ عوام ہمارے کام سے مطمئن ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر ایسٹ وسیم مصطفیٰ سومرو اور سپرنٹنڈنگ انجنیئر اظہر حسین شاہ کے ہمراہ ترقیاتی کاموں کے معائنے کے دوران کیا۔
چیئرمین ڈی ایم سی ایسٹ نے کہا کہ سڑکوں کی استرکاری کے کاموں میں تیزی لانے کا مقصد عوام کو ریلیف پہنچانا ہے۔ افسران کاموں کے معیار اور تکمیلی مدت میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف پہنچائیں۔انہوں نے افسران سے متوقع برسات کے پیشِ نظر برساتی نالوں کی صفائی پر بریفنگ بھی لی۔
معید انور نے افسران کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں کی صفائی کے جو کام رہ گئے ہیں انہیں فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ آئندہ برسات میں عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔