اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر اور سماجی کارکن ماروی سرمد کی نازیبا گفتگو نشر کرنے پر دو نجی ٹی وی چینلز کو نوٹسز جاری کردئیے ہیں۔
میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے گزشتہ روز پریس ریلیز جاری کی گئی جس کے مطابق پیمرا نے نیو ٹی وی کے پروگرام ”عائشہ احتشام کے ساتھ“ میں انتہائی بیہودہ اور لغو گفتگو نشر کرنے پر اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا۔
نجی ٹی وی چینل نیو کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیمرا نے ہدایت کی کہ چینل انتظامیہ 7 روز کے اندر اندر لغو گفتگو نشر کرنے کی تسلی بخش وضاحت پیش کرے، بصورتِ دیگر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
— Report PEMRA (@reportpemra) March 4, 2020
بعد ازاں پیمرا نے گزشتہ روز ہی جیو نیوز کے خلاف ایکشن لے لیا۔ پیمرا کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں نیو ٹی وی کے چینل سے نشر ہونے والا قابلِ اعتراض کلپ چلایا گیا۔
پریس ریلیز کے مطابق پیمرا نے جیو کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے قابلِ اعتراض مواد نشر کرنے پر جیو نیوز کو بھی ایک اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا جس کے تحت چینل انتظامیہ کو 7 روز میں جوابدہی کا حکم دیا گیا ہے۔
دونوں چینلز کے لیے پیمرا (میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی) کی جاری کردہ پریس ریلیزز میں کہا گیا ہے کہ اگر 7 روز تک جواب جمع نہ کرایا گیا تو پیمرا قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
— Report PEMRA (@reportpemra) March 4, 2020