رالپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، پاکستان ہمیشہ افغانستان میں افغانوں کو قابل قبول امن عمل کی حمایت کرتا رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیر دفاع نے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور افغان امن عمل میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی فونک رابطے کے موقع امریکی وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن نے آرمی چیف کے ساتھ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر تبادلہ خیال کیا، گفتگو میں علاقائی استحکام کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وزیر دفاع نے پاک امریکا تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔