صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 5 سے 11 جولائی کے درمیان خیبرپختونخوا کے اکثر اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا سنگین الرٹ جاری کر دیا۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال (اپر و لوئر)، دیر (اپر و لوئر)، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان, کولائی پالس کوہستان, تورغر میں موسالادھار بارشوں کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے الرٹ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شدید بارش کے باعث پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، ڈی آئی خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں کی مقامی آبادی کو فوری طور پر الرٹ کیا جائے، ایمرجنسی سروسز اور ریسکیو اہلکار الرٹ کرتے ہوئے ہنگامی سامان اور دستیاب وسائل پہلے سے موجود رکھے جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔