کراچی: محکمۂ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے موسمیاتی ایڈوائزری کا الرٹ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران سندھ بھر میں موسلا دھار بارش ہوگی۔ متعلقہ محکموں کے افسران سیلابی صورتحال کیلئے تیاررہیں۔ کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں اربن فلڈنگ ہوسکتی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق ملک کے بالائی اور مرکزی حصوں میں بارش کی نئی لہر آرہی ہے جو اتوار کی شب شدت اختیار کرسکتی ہے جس کے نتیجے میں سندھ کے بیشتر حصوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
الرٹ میں مزید کہا گیا کہ بارش کے نئے سسٹم کے تحت سندھ بھر میں مختلف مقامات پر گرد آلود ہوائیں، جھکڑ اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ، دادو، میرپور خاص، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر اور بدین کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوگی۔ متعلقہ محکمے اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے تیار ہوجائیں۔
یہ بھی پڑھیں: بارشوں کے سبب فصل متاثر، روئی کے بھاؤ میں فی من 400 روپے کی کمی