اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ وزیراعظم عمران خان کو ہٹانے والی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) خود بکھر گئی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے مہنگائی پر بہت جلد قابو پالیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ایکسپریس وے پر بنائے گئے قائد اعظم محمد علی جناح کے مونومنٹ پوٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ افتتاح کے موقع پر مشہور فنکار جمال شاہ بھی موجود تھے جنہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کے پوٹریٹ کی تعمیر کرائی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جمال شاہ پاکستان کا ایک بڑا سرمایہ ہیں ، اللہ جس سے جو کام لینا چاہتا ہے لے لیتا ہے۔ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے ایک پارک تعمیر کرنے جارہے ہیں جو 60 دن میں تیار کیا جائے گا۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 231 چھوٹے اور 5 بڑے پارکس بنانے ہیں اور ہر تین دن بعد ہم ایک پارک کا افتتاح کریں گے۔ سیف سٹی پروگرام کے تحت شہر کے تمام کیمرے ٹھیک کروا دیئے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک لاکھ شناختی کارڈ بنا رہے ہیں اور پاسپورٹ دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل مسلم لیگ (ن ) اور پیپلز پارٹی کی راہیں جدا ہوچکی ہیں۔ انتخابی اصلاحات کیلئے قومی اسمبلی میں بیٹھ کر بات کرنا ہوگی اس لیے میں اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ وہ اسمبلیوں میں آئیں اور مل بیٹھ کر مسائل حل کریں۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے معروف اداکار جمال شاہ کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے ترکی کے دورے کے موقع پر اتاترک کے پوٹریٹ سے متاثر ہوکر قائداعظم محمد علی کا پوٹریٹ بنوایا تھا، تاہم وہ پوٹریٹ یہاں سے چوری کرلیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کیلئے حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے