کراچی: پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نصرت واحد نے کہا ہے کہ سینٹ میں کامیابی سے ایوانوں میں قانون سازی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
انہوں نے نو منتخب چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا احمد آفریدی عوامی فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
نصرت واحد نے مزید کہا کہ سینٹ کے انتخابات شفاف اور غیر جانبدار ہوئے ہیں۔ اپوزیشن کا دھاندلی کا واویلا بے بنیاد ہے۔ تمام ووٹرز نے بغیر کسی دباؤ کے اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ووٹ دیا ہے۔
پی ڈی ایم شکست کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف سینٹ الیکشن میں کامیابی کے بعد کرپشن کے خاتمے، عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے، تمام اداروں میں میرٹ کو ترجیح دینے سمیت اہم امور پر قانون سازی کا عمل مزید تیز کرے گی۔
نصرت واحد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک سے مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز اور وزراٗ ایک مربوط لائحہ عمل تیار کررہے ہیں۔
وطن عزیز سے اپنے دور حکومت میں کرپشن، کک بیگس اور نا انصافی کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ پی ٹی آئی اپنے انتخابی منشور میں کیے گئے وعدے پورے کرے گی اور عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کرے گی۔