اسلام آباد: پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 26 مارچ کو حکومت مخالف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کی مجوزہ 26 ویں آئینی ترمیم کو مسترد کردیا۔
پی ڈی ایم کے اجلاس میں پی ڈی ایم کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے شرکت کی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری نے ویڈیو لنکے کے ذریعے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس کے دوران سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شاہد خاقان عباسی، شیری رحمان، نیئر بخاری، فرحت اللہ بابر، احسن اقبال، رانا ثنائاللہ، پرویز رشید، قمر زمان کائرہ، سعد رفیق، ایاز صادق اور مریم اورنگزیب بھی شریک تھی۔
پی ڈی ایم کے اجلاس کا ایجنڈا دو نکات پر مشتمل تھا، لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفے ایجنڈا پر غور کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سینٹ انتخابات ملکر لڑنے کی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی اور لانگ مارچ کی تاریخ کا تعین کیا گیا، پیپلزپارٹی اجلاس میں سینٹ انتخابات سے متعلق اپنی رائے سے آگاہ کیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی ڈی ایم اجلاس کے دوران تمام جماعتوں نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 26 مارچ کو لانگ مارچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 26 مارچ کو پورے ملک سے قافلے اسلام ابٓاد روانہ ہونگے۔ ہم نے کہا تھا اسلام آباد،پنڈی آپشن ہونگے، میاں صاحب کا یہی پیغام تھا آل ازویل۔
سینیٹ انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سینیٹ انتخابات مشترکہ طور پر لڑے گی۔ سینیٹ الیکشن کے لیے حکومت کی مجوزہ 26 ویں آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہیں۔ سینیٹ الیکشن کے بعد استعفوں کا فیصلہ کیا جائے گا۔
انتخابی اصلاحات کے جامع پیکیج پر یقین رکھتے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی سے تعاون نہیں کریں گے۔ پی ٹی آئی کے اپنے ارکان ووٹ دینے کو تیار نہیں۔ ہماری لڑائی غیرجمہوری عمل کے خلاف ہے، جوبھی اس عمل میں ملوث اس کے خلاف ہے۔
فارن فنڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 23 اکاؤنٹس کو اب تک چھپایا جا رہا ہے، عمران خان کو صادق اور امین قرار نہیں دیا جا سکتا، الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد کرے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے عمران خان کو کرپٹ قرار دیا۔ ہمارا مقصد ناجائزحکومت سے نجات دلانا ہے۔ناجائز حکومت کو گھر بھیج کر رہیں گے۔