لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجر (ایس او پیز) کے تحت ڈومیسٹک کرکٹ کو بحال کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز آئندہ ماہ کے آخری ہفتے میں متوقع ہے۔ اِس سلسلے میں پی سی بی نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ حکام ایس او پیز کی تیاری کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے تحت کرکٹ کے کھیل کو کھلی فضا کی بجائے بند دروازوں کے تحت منعقد کروانے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
کرکٹ بورڈ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پی سی بی کورونا وائرس کے کم ہوتے ہوئے کیسز پر نظر رکھے ہوئے ہے اور وائرس کے حوالے سے بدلتی ہوئی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
ترجمان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ہم پلیئرز کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے تاہم ڈومیسٹک کرکٹ کی بحالی کیلئے کرکٹ بورڈ مختلف آپشننز زیرِ غور لا رہا ہے۔ قبل ازیں ڈومیسٹک کرکٹرز کیلئے کورونا ٹیسٹنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
رواں ماہ کے دوران پی سی بی کا یہ اعلان پہلے ہی سامنے آچکا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا آغاز آئندہ ماہ کیا جائے گا۔ پی سی بی نے یہ اعلان بھی کیا کہ پہلے اور دوسرے 11 کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ میچ آفیشلز کے بھی ٹیسٹ ہوں گے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے کہا کہ میری قومی ٹیم میں نہ ہونے کی وجہ سلیکشن کمیٹی ہی بتاسکتی ہے جبکہ کورونا وائرس کے باعث ڈومیسٹک کرکٹ سیزن تاخیر کا شکار نہیں ہوا۔
انہوں نے گزشتہ روز انٹرویو کے دوران کہا کہ ابھی وقت ہے تو پی سی بی کو حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مکمل منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔ کھلاڑیوں اور متعلقہ اسٹاف کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔ کورونا وائرس کے سخت ایس او پیز کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں: کھلاڑیوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے۔کامران اکمل