پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آج نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے ساتھ تین ملکی ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری کر دیاہے۔ یہ سیریز سنگل لیگ فارمیٹ پر مشتمل ہوگی اور 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی۔
لاہور کا قذافی اسٹیڈیم ابتدائی دو میچزکی میزبانی کرے گا، جبکہ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں آخری لیگ میچ اور فائنل منعقد ہوگا۔
سیریز کا آغاز ہفتہ، 8 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ یہ میچ دن 02:00بجےشروع ہوگا۔
پیر، 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا دن کا میچ ہوگا، جو صبح 09:30 بجے شروع ہوگا۔
اسکے بعد کراچی میں 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دن/رات کا میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو دن 02:00بجے (مقامی وقت) شروع ہوگا۔
فائنل میچ جمعہ، 14 فروری کو کھیلا جائے گا، اور یہ دن/رات کا میچ ہوگا، جس کا آغاز 02:00بجے (مقامی وقت) ہوگا۔
قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل بینک اسٹیڈیم میں چار میچز نہ صرف تینوں ٹیموں کو 2025 کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا موقع فراہم کریں گے بلکہ یہ پی سی بی کے لیے دنیا کو اپنے دوبارہ ڈیزائن کیے گئے اور جدید میدان دکھانے کا بہترین موقع بھی ہوگا۔
وسیم اکرم نے کس طرح دو بھارتی کرکٹرز کی باہمی لڑائی رکوائی، دلچسپ کہانی
قذافی اسٹیڈیم میں ناظرین کی گنجائش بڑھا دی گئی ہے، اور پورے اسٹیڈیم میں نئی کرسیاں نصب کی گئی ہیں۔ مزید برآں، 480 جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں تاکہ نشریاتی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ شائقین کے لیے دو بڑی ڈیجیٹل اسکرینز بھی نصب کی گئی ہیں، جن کے سائز 80 فٹ x 30 فٹ اور 22 فٹ x 35 فٹ ہیں۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا مہمان نوازی انکلوژر بھی تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بھی نمایاں بہتری کی گئی ہے، جس میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا مہمان نوازی انکلوژر شامل ہے۔ نشریاتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں۔ مزید برآں، شائقین کے آرام کے لیے 5,000 نئی کرسیاں اور دو ڈیجیٹل ری پلے اسکرینز بھی لگائی گئی ہیں۔
:تین ملکی سیریز کا شیڈول
8 فروری: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ
10 فروری: نیوزی لینڈ بمقابلہ جنوبی افریقہ
12 فروری: پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ
14 فروری: فائنل