لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مینز سنٹرل کنٹریکٹ 23-2022 کا اعلان کردیا ہے جس میں مجموعی طور پر 33 کھلاڑیوں کو جگہ دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کپتان بابر اعظم سمیت 5 کھلاڑی ریڈ اور وائٹ بال دونوں فارمیٹ کے کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ 10 کھلاڑی صرف ریڈ بال جبکہ 11 کھلاڑی صرف وائٹ بال کرکٹ کا کنٹریکٹ حاصل کرسکے۔
قومی ٹیم کے علاوہ پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے 7 کھلاڑیوں کو ایمرجنگ کیٹگری میں شامل کیا۔ بابر اعظم، رضوان اور شاہین دونوں طرز کی کرکٹ میں اے کیٹگریز کا حصہ بن گئے۔
ریڈ بال میں حسن علی کو بی جبکہ وائٹ بال میں سی کیٹگری کا حصہ بنا دیا گیا۔ امام الحق ریڈ بال میں سی جبکہ وائٹ بال میں بی کیٹگری میں شامل ہوگئے۔ اظہر علی ریڈ بال کی اے جبکہ فواد عالم بی کیٹگری کا حصہ بن گئے۔
نسیم شاہ، عبداللہ شفیق اور نعمان علی کو ریڈ بال کی سی کیٹگری دے دی گئی۔ عابد علی، سرفراز احمد، شان مسعود، سعود شکیل اور یاسر شاہ کو ڈی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ فخر زمان اور شاداب خان وائٹ بال کی اے کیٹگری کا حصہ ہیں۔
