کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق وکٹ کیپر معین خان کے صاحبزادے اعظم خان پر عائد کردہ جرمانے کا جائزہ لینے کے بعد اسے ختم کردیا ہے۔
کراچی وائٹس کے بلے باز اعظم خان پر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں لاہور بلوز کے خلاف نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے دوران پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50 فیصد میچ فیس کا جرمانہ میچ آفیشلز کی جانب سے عائد کیا گیا تھا۔
اعظم خان نے پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.4 کی خلاف ورزی کی تھی اورایک امپائر کی ہدایت کے باوجود وہ اس ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنے میں ناکام رہے تھے۔
واضح رہے کہ کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز کو اس بات کی اجازت نہیں ہے کہ وہ کوئی ایسی چیز پہنیں اور دکھائیں یا اپنے ذاتی پیغامات اپنے سازوسامان کے ذریعے پیش کریں۔ اس کے لیے پلیئر یا ٹیم آفیشلز ایسوسی ایشن اور پی سی بی کرکٹ آپریشنز ڈپارٹمنٹ کی پیشگی منظوری ضروری ہے۔
فلسطین کی حمایت پر اعظم خان کو جرمانہ، نوجوانوں کا ذکا اشرف سے استعفے کا مطالبہ
واضح رہے کہ نیشنل ٹی20 کپ کے دوران کراچی وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے اعظم خان نے فلسطین کا لوگو اپنے بلے پر لگایا اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کی تھی جس پر پی سی بی جرمانہ عائد کیا تھا۔