کراچی ریلوے نے قبضہ مافیا کے خلاف ایک اور کامیابی حاصل کر لی، حیدر آباد میں ریلوے کی زمین پر غیر قانونی طور پر قائم پٹرول پمپ واگزار کرالیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے کی زمین پر قائم پٹرول پمپ واگزار کرانے کیلئے آپریشن رات کو دیر سے آٹو بھان روڈ پر کیا گیا۔ پٹرول پمپ 15 ہزار 500 مربع فٹ زمین پر محیط ہے۔
ریلوے کی زمین پر قبضے کو 10 سال سے زائد عرصہ گزر چکا تھا جس کے خلاف ریلوے پولیس نے ضلعی اہلکاروں کی مدد سے آپریشن کیا۔ کراچی ریلوے آپریشن لینڈ رٹریول کا آغاز کرچکی ہے۔
سندھ کے تاریخی شہر حیدر آباد میں ریلوے کی زمین پر غیر قانونی طور پر 8 پٹرول پمپ قائم ہیں۔ آپریشن لینڈ رٹریول میں 8 پٹرول پمپس کی زمین واگزار کرائی جائے گی۔ ڈی ایس کراچی ریلوے نے پولیس افسران کو کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ڈپٹی کمشنر ملیر کی ہدایت پر ملیر میں انسدادِ تجاوزات آپریشن کیا گیا جس کے دوران 500 ایکڑ سے زائد سرکاری زمین واگزار کرا لی گئی۔
ڈی سی کی ہدایت پر کراچی کے علاقے ملیر میں اینٹی انکروچمنٹ آپریشن شروع کیا گیا۔ آپریشن 30 سالہ منسوخ زمینوں پر کیا گیا جس میں 200 سے زائد غیر قانونی فارم ہاؤسز گرائے گئے جو سیاسی و مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ پولیس افسران کی ملکیت میں تھے۔
مزید پڑھیں: ملیر میں 500 ایکڑ سے زائد اربوں روپے کی سرکاری زمین واگزار