پنجاب حکومت نے مقامی سطح پر مصنوعی بارش کی ٹیکنالوجی کے کامیاب تجربے کا اعلان کیا ہے، جس کی تصدیق محکمہ موسمیات نے کی ہے۔
جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گوجر خان میں “کلاوڈ سیڈنگ” کے ذریعے بارش کی گئی جبکہ لاہور میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ماہرین نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی اسموگ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
اس منصوبے میں پاکستان کے اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن، آرمی ایوی ایشن، پارکو، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی اور پنجاب حکومت کے درمیان تعاون شامل تھا۔
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اس کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دی اور مقامی مہارت سے حاصل ہونے والے اس سنگ میل کو اجاگر کیا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ان دنوں پنجاب کے مختلف شہروں خاص طور پر لاہور اور ملتان، بدترین اسموگ کی لپیٹ میں ہیں۔ حکومت نے ان دونوں شہروں میں 25 نومبر تک تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ، جمعہ، ہفتہ، اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ اسموگ کی شدت کو کم کیا جا سکے۔
گزشتہ روز کی رپورٹس کے مطابق، صوبے میں شدید اسموگ کی وجہ سے پچھلے ایک ماہ کے دوران 20 لاکھ سے زائد افراد، جن میں بچے بھی شامل ہیں، بیمار ہو چکے ہیں۔