کراچی: سندھ حکومت نے شہر بھر میں چارجڈ پارکنگ کے خاتمے کا اعلان کر دیا،شہریوں کو پارکنگ فیس ادا کرنے سے عارضی طور پر نجات مل گئی ہے۔
کراچی کے میئر کی جانب سے پارکنگ فیس ختم کرنے کے اعلان کے بعد ٹریفک پولیس نے احکامات پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت شہری مخصوص مقامات پر اپنی گاڑیاں بغیر کسی فیس کے پارک کر سکتے ہیں۔
جمعرات کے روز کراچی کی سب سے بڑی مارکیٹ میں پارکنگ مافیا نے کسی سے کوئی فیس وصول نہیں کی۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق اہم تجارتی علاقوں جیسے ریگل چوک اور صدر موبائل مارکیٹ، میں چارجڈ پارکنگ مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے اور شہری اپنی موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں ایک مخصوص لائن میں بلا معاوضہ پارک کر سکتے ہیں۔
شہر کے بعض علاقوں میں اب بھی پارکنگ فیس وصول کیے جانے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، جس پر عوام نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور مکمل نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔کئی شہریوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ ایک شہری نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہوا کہ کسی نے پارکنگ کے 20 یا 30 روپے طلب نہیں کیے، یہ بہت اچھا فیصلہ ہے۔
کچھ افراد نے نئے خدشات کا بھی اظہار کیا۔ ایک موٹر سائیکل سوار نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پارکنگ مافیا نے فیس لینا بند کر دی لیکن اگر اب پولیس ہی ہماری موٹر سائیکلیں اٹھانے لگے تو کیا ہوگا؟”
حکومت کے اعلان کے باوجود کئی علاقوں میں چارجڈ پارکنگ ختم نہیں کی گئی۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اس فیصلے کا مکمل نفاذ یقینی بنائیں۔ مزید برآں کنٹونمنٹ بورڈ کے زیرانتظام علاقوں میں یہ فیصلہ لاگو نہیں ہوگا، لہٰذا وہاں پارکنگ فیس بدستور وصول کی جاتی رہے گی۔