پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے اپنی ذاتی زندگی پر طویل تبصرہ کیا جس پر امریکی گلوکارہ و اداکارہ پیرس ہلٹن کی جانب سے حوصلہ افزاء ردِ عمل سامنے آیا ہے۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر خواتین کے حقوق سے متعلق پیغام میں عائشہ عمر نے اپنی زندگی کے ایک پریشان کر دینے والے دن پر روشنی ڈالتے ہوئے طویل تبصرہ کیا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا۔
انسٹا گرام پیغام میں عائشہ عمر نے کہا کہ جو تصاویر آپ دیکھ رہے ہیں، وہ مجھے میرے فون سے ملیں۔ مجھے یہ وقت اچھی طرح یاد ہے جب میں دبئی میں اپنے ہوٹل روم کی بالکنی سے سورج کو غروب ہوتا ہوا دیکھ رہی تھی اور میرے پاس صرف ایک گھنٹہ تھا۔
پیغام میں اداکارہ عائشہ عمر نے مزید کہا کہ مجھے یہ بھی یاد ہے کہ وہ دن میرے لیے انتہائی پریشان کن رہا جس سے ایک روز قبل میرے خلوت کے لمحات میں مداخلت کی گئی اور مجھے اپنی دنیا ٹکڑے ٹکڑے ہو کر حصوں میں تقسیم ہوتی نظر آئی۔
مشہورومعروف اداکارہ عائشہ عمر نے کہا کہ میں انٹرویوز، ملاقاتوں، فوٹو شوٹس اور مختلف کپڑے پہن کر اپنا دھیان بٹانے کی کوشش کر رہی تھی اور یہ تصویریں ثانیہ سہیل نے کھینچیں جس کا مقصد اس برانڈ کی تشہیر تھا جس کے کپڑے میں نے پہن رکھے ہیں۔
معروف اداکارہ نے کہا کہ تصاویر کیلئے پوز دیتے وقت میرے دل میں بھاری پن تھا۔ انسٹا گرام کبھی آپ کو حقیقت نہیں بتاسکتا۔ آپ جو کچھ تصویر میں دیکھتے ہیں اس سے یہ نہیں بتایا جاسکتا کہ کسی شخص کی زندگی یا دماغ میں کیا سوچ پنپ رہی ہے۔
اداکارہ عائشہ عمر نے کہا کہ ثانیہ سہیل اور میں نے بڑا تکلیف دہ وقت گزارا مگر ہم اس سے گزر کر مزید مضبوط ہوئے۔ یہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہونے سے ٹھیک ایک ہفتہ پہلے کی بات ہے۔ آج میں اس بات پر ثانیہ سہیل کی شکر گزار ہوں۔
عائشہ عمر نے کہا کہ اگر واقعات بیان کیے جائیں تو فہرست طویل ہوجائے گی تاہم خاص طور پر اپنے مداحوں سے مجھے اچھے برے وقتوں اور عروج و زوال میں جو محبت اور تعاون حاصل ہوتا ہے، اس کیلئے ہر روز میں آپ سب کی شکر گزار ہوتی ہوں۔
بہت سے مداحوں نے عائشہ عمر کی پوسٹ پر مختلف تبصرے کیے جن میں امریکی فنکارہ پیرس ہلٹن بھی شامل ہیں جن کی طرف سے پوسٹ کیا گیا شعلہ سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا جو ان کا حوصلہ افزاء ردِ عمل کہا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عائشہ عمر، یاسر حسین نئی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے