بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف اور سینئر اداکار پریش راول ہیرا پھیری سیریز کی تیسری فلم میں اداکاری کیلئے تیار ہیں جس کیلئے ڈائریکٹر پریا درشن سے خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پریش راول نے اعلان کیا ہے کہ ہدایت کار پریا درشن کے ساتھ ہیرا پھیری 3 میں کام کریں گے جبکہ اپنی آئندہ فلم ہنگامہ 2 کے متعلق پریش راول نے کہا کہ یہ ایک عمدہ اور صاف ستھری تفریحی فلم ہوگی۔
بھارتی اداکار پریش راول کا کہنا ہے کہ پریا درشن جیسی ہدایتکارہ کے ساتھ سامعین کو کبھی فحش یا ذو معنی کامیڈی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، نہ ہی کسی کردار کو اس کے جسم کی وجہ سے تنقید یا بے عزتی کا نشانہ بنایا جائے گا۔
معروف بھارتی فنکار نے کہا کہ ہنگامہ 2 ایک سچویشنل کامیڈی فلم ہے جو موجودہ وقت کے اعتبار سے پرانی یا فرسودہ نہیں لگے گی۔ پریش راول نے کہا کہ میرے اندر بلراج ساہنی، امیتابھ بچن اور دیگر بہت سے فنکار موجود ہیں۔
اداکاری کے فن پر گفتگو کرتے ہوئے 71 سالہ پریش راول نے کہا کہ میں اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے اسکول نہیں گیا۔ میں مالا مال ویکلی، آوارہ پاگل دیوانہ اور ہیرا پھیری سیریز کی پہلی فلم بار بار دیکھتا ہوں۔
کام کے محاذ پر پریش راول ایک مصروف ترین فنکار سمجھے جاتے ہیں جو ہنگامہ 2 میں شلپا شیٹھی کندرا اور جاوید جعفری کے بیٹے میزان کے ہمراہ اداکاری کرتے نظر آئیں گے جن کی یہ دوسری فلم ہوگی۔
پریش راول کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے ان گنے چنے ناموں میں کیا جاتا ہے جو بیک وقت مثبت، منفی، مزاحیہ اور سنجیدہ سمیت ہر قسم کے کردار ادا کرتے ہیں جن کے مداحوں میں ہر عمر کے لوگ شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل معروف بھارتی اداکار پریش راول کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے تھے جس کے بعد انوپم کھیر سمیت دیگر بھارتی فنکاروں نے ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رواں برس 26مارچ کو اپنے پیغام میں بے شمار بھارتی فلموں میں فن کا لوہا منوانے والے سینئر بھارتی اداکار پریش راول نے کہا کہ بد قسمتی سے میرا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا۔
مزید پڑھیں: پریش راول کا کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا