پاکستان کی ڈیجیٹل ایپلی کیشن صحت کہانی فوربز ایشیا کی 100 بہترین کمپنیوں میں شامل ہوگئی ہے۔
فوربز کی جانب سے سال کی بہترین کمپنیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں سب سے اوپر کیٹیگری بائیوٹیک اور ہیلتھ کیئر تھی۔ اس سال بہترین کمپنیوں کی فہرست میں سب سے زیادہ کمپنیاں سنگاپور کی تھیں۔
صحت کہانی واحد پاکستانی کمپنی ہے جس نے اس سال فوربز ایشیا کی 100 بہترین کمپنیوں کی فہرست میں جگہ بنائی ہے۔ یہ خواتین کی زیر قیادت ایک تنظیم ہے جس کی بنیاد ڈاکٹر سارہ سعید خرم نے 2017 میں رکھی تھی۔
کمپنی کا بنیادی مقصد اپنی موبائل ایپ کے ذریعے دوردارز کے علاقے میں مریضوں کو ڈاکٹر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ آپ کو فوری طور پر ڈاکٹروں کو تلاش کرنے اور مشاورت کے لیے ملاقاتیں کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ اس ایپ کی مدد سے سستی ادائیگی کی جاسکتی ہے اور باآسانی گھر پر دوا بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
صحت کہانی نے اب تک 800 طبی ماہرین کو 1.2 لاکھ طبی مشاورت کی سہولت فراہم کی ہے۔ مذکورہ ایپ گوگل پلے اسٹور کے ساتھ ساتھ ایپل ایپ اسٹور پر بھی دستیاب ہے۔