کراچی: چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی کرکٹ ٹیم کی نئی جرسی پرمیزبان ملک ’پاکستان‘ کا نام شامل ہونے پر انتہا پسند حلقوں میں شدید برہمی دیکھنے میں آئی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان آنے سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں منتقل کروالیے تھے لیکن اس کے باوجود آئی سی سی کے قوانین کے تحت میزبان ملک کا نام بھارتی ٹیم کی جرسی پر لازمی درج ہونا تھا۔
جرسی کی رونمائی کے دوران بھارتی کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، رویندر جڈیجا، ہاردک پانڈیا اور دیگر کھلاڑیوں کو نئی یونیفارم میں دیکھا گیا جس پر چیمپئنز ٹرافی 2025 کا لوگو اور میزبان ملک ’پاکستان‘ کا نام درج تھا۔
چیمپینز ٹرافی میں شامل ٹیموں کے اسکواڈز، کون کون سے سپر اسٹار شامل؟
یہ منظر دیکھ کر بھارتی انتہا پسندوں میں شدید غصہ پایا گیا اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اس کے خلاف مہم شروع کردی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی ابتدا میں اس فیصلے کی مخالفت کی لیکن آئی سی سی کے واضح موقف کے بعد بھارتی ٹیم کو قوانین کے مطابق عمل کرنا پڑا۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ٹیم میزبان ملک کا نام اپنی جرسی پر نہیں چھپوائے گی تاہم آئی سی سی کی سخت ہدایت کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ ان کی ٹیم مقررہ اصولوں پر عمل کرے گی۔
بھارتی انتہا پسندوں کے غصے کے باوجود آئی سی سی کے اصولوں کے تحت چیمپئنز ٹرافی 2025 میں تمام ٹیموں کی جرسی پر میزبان ملک ’پاکستان‘ کا نام واضح طور پر درج ہوگا۔