کراچی: شہرِ قائد کے شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ ماحول دوست الیکٹرک بسیں سڑکوں پر کل سے رواں دواں ہونے جارہی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن کل کراچی میں پہلی الیکٹرک بس روٹ کا افتتاح کریں گے، پہلی الیکٹرک بس کے پہلے روٹ کا افتتاح کلفٹن کلاک ٹاور سی ویو سے کیا جائے گا۔
شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ پچاس الیکٹرک بسوں کی کھیپ سے اس سروس کا آغاز کیا گیا ہے، جلد ہی ان بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا یہ مکمل طور پر ماحول دوست ہیں
صوبائی وزیر نے بتایا کہ بسوں کی چارجنگ کے لیے بس ڈپو میں دو الیکٹرک چارجنگ مشینیں بھی نصب کی جاچکی ہیں، بسوں کی چارجنگ کے لیے سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے تاکہ بجلی پر کم از کم انحصار کیا جائے، الیکٹرک بس ایک بار کی چارجنگ میں 240 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکے گی۔
بس کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ہر الیکٹرک بس میں 32 سیٹیں ہونگی جن میں سے دو سیٹ معذور افراد کے لئے مختص ہونگی، ایک بس میں 90 افراد سفر کرسکیں گے، اس کے علاہ بسوں میں کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے اس سے قبل پیپلز بس سروس کو متعارف کرایا گیا تھا جسے عوام کی جانب سے بے حد پزیرائی مل رہی ہے۔