مظفر آباد: اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کے دوران کہا کہ دشمن پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پاکستان کا ایٹمی طاقت ہونا خطے میں امن کی گارنٹی ہے، سفارتی سطح پر مودی کے ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا۔
رہنما ن لیگ شہباز شریف نے کہا ذوالفقار بھٹو نے نیو کلیئر پروگرام کی بنیاد رکھی، نواز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کو ٹھکرایا، نیوکلیئر دھماکوں کا کریڈٹ پوری قوم، افواج پاکستان کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو 72 سال سے لاک ڈاؤن میں رکھا ہے،نریندر مودی گجرات کے مسلمانوں کا قاتل ہے، مودی معصوم کشمیریوں کا قاتل ہے، 5 اگست کا واقعہ خطے میں عظیم سانحہ ہے، مودی نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے دکھا دیا وہ مسلمان دشمن ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دنیا کو کشمیر کے مسئلے کو سنجیدگی سے لے ہوگا، معصوم کشمیریوں پر بھارت نے ظلم کی انتہاء کردی ہے، طویل عرصے قبل لگایا لاک ڈاؤن کرفیو ابھی تک برقرار ہے، مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔