ملتان میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ پاکستان کی 7 ویں وکٹ 116 رنز پر گرنے کے بعد قومی ٹیم کو جیت کے لیے مزید 138 رنز درکار ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے صرف 3 وکٹیں حاصل کرنی ہیں۔
فی الحال محمد رضوان کریز پر موجود ہیں۔ تیسرے دن کے آغاز پر سعود شکیل 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نائٹ واچ مین کاشف علی صرف ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔سلمان علی آغا 15 رنز بناکر واپس لوٹ گئے۔
ملتان ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان کی دوسری اننگز مشکلات کا شکار رہی، جہاں ویسٹ انڈیز کے دیے گئے 254 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے دن کے اختتام تک پاکستان 76 رنز پر اپنی چار وکٹیں گنوا چکا تھا۔
کپتان شان مسعود اور محمد حریرہ صرف 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کامران غلام نے 19 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
نعمان علی کی شاندار ہیٹ ٹرک، دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑادیئے
ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز 9 رنز کی برتری کے ساتھ شروع کی۔ کپتان کریگ بریتھویٹ اور مائیکل لوئس نے 50 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ مائیکل لوئس 7 رنز پر آؤٹ ہو گئے اور عامر جنگو نے بریتھویٹ کے ساتھ 92 رنز کی پارٹنرشپ کی۔
بریتھویٹ نے 52 رنز بنائے، لیکن انہیں نعمان علی نے آؤٹ کر دیا۔ دیگر ویسٹ انڈین بلے بازوں نے بھی رنز میں اضافہ کیا، مگر وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
ٹیون املاچ نے 35 اور کیون سنکلیئر نے 28 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 244 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے 254 رنز کا ہدف ملا۔
نعمان علی اور ساجد خان نے چار چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ابرار احمد اور کاشف علی نے ایک ایک وکٹ لی۔
یاد رہے کہ پہلی اننگ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 163 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جبکہ پاکستان 154 رنز ہی بنا سکا تھا۔