پاکستانیوں کے ازبکستان میں ملازمت حاصل کرنے پر پابندی ہٹادی گئی ہے، اب پاکستانی شہری وسطی ایشیائی ملک میں ملازمت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے اپنے شہریوں کے ازبکستان میں ملازمت حاصل کرنے پر عائد پابندی کو ختم کر دیا ہے جس سے شہریوں کو وہاں ملازمتیں حاصل کرنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم اس سلسلے میں کچھ اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
بیرون ملک ملازمت کے لیے پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ پر ایک پروٹیکٹر لگایا جاتا ہے، بغیر پروٹیکٹر کے پاکستانی شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کے لیے جانے کی اجازت نہیں ہوتی، یہ ایک اسٹیمپ یا اسٹیکر ہوتا ہے جو اب بارکوڈ کے ساتھ لگایا جاتا ہے۔
اس حکم کا اطلاق پہلے سے جاری شدہ پرمٹ اور بیرون ملک ملازمت کے پروموٹرز یا براہ راست ملازمت کے متلاشیوں کی درخواستوں پر بھی ہوگا۔
پاکستانی شہری جو ازبکستان کے ورک ویزے حاصل کر چکے ہیں وہ پروٹیکٹر آفس میں براہ راست امیگریشن کاؤنٹرز پر اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں اور اپنے پروٹیکٹر لگوا سکتے ہیں۔
ان افراد کی رجسٹریشن اور پروٹیکٹر کی خدمات بحال کردی گئی ہیں جو بیرون ملک ملازمت کے پروموٹرز کے ذریعے مانگ کی بنیاد پر جانے کے لیے تیار ہیں لیکن اس کے لیے یہ شرط رکھی گئی ہے کہ وہ کسی ایسے ملازمت دہندہ کے پاس جائیں جس کے خلاف کوئی شکایت نہ ہو۔
ملازمت کے پروموٹرز کو یہ ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے کہ وہ ازبک ملازمت دہندہ کے حوالے سے ایک تسلی بخش رپورٹ جمع کروائیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ پاکستانی کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کرے گا۔
اس کے علاوہ ازبکستان میں نئے پاکستانی کارکنوں کی مانگ کے حوالے سے خاص ہدایات جاری کی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی نئی مانگ کی سرکاری طور پر تصدیق اور جانچ پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے کی جائے گی۔