ہملٹن: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ندا ڈار کی بہترین باؤلنگ کے باعث ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر 18 سال بعد عالمی ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں جاری آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان کی ویمن ٹیم نے آخر کار پہلی جیت حاصل کرتے ہوئے بارش سے متاثرہ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیدی، پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بنائے، جس میں ڈینڈرا ڈوٹن کے 27 اور سٹیفنی ٹیلر کے 18 رنز نمایاں تھے ۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ فاطمہ ثنا، نشرا سندھو اور عمیمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 18.5 اوورز میں حاصل کرکے میچ آٹھ وکٹوں سے جیت لیا، پاکستان کی جانب سے منیبہ نے 37 رنز بنائے۔
خیال رہے کہ ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی 13 سال بعد پہلی فتح ہے، اس سے قبل پاکستان نے 2009 کے ورلڈ کپ میں فتح حاصل کی تھی۔
میچ کے حساب سے یہ 18میچوں کے طویل وقفے کے بعد پاکستان کی ورلڈ کپ میں پہلی فتح ہے۔
پاکستان نے ورلڈ کپ میں 13 برس قبل اپنی آخری فتح بھی ویسٹ انڈیز سے ہی حاصل کی تھی اور اس میچ کا حصہ رہنے والی واحد کھلاڑی پاکستانی کپتان بسمہ معروف ہیں۔
مزید برآں ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل میں پاکستانی ٹیم مایوس کن کارکردگی کے ساتھ صرف 2 پوائنٹس حاصل کرکے آخری نمبر پر ہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم تاحال ناقابل شکست ہے اور 5 فتوحات کے ساتھ 10 پوائنٹس حاصل کرکے پہلی، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ، تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز اور چوتھے نمبر پر بھارت کی ٹیم ہے۔