ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی پاکستانی ٹیم نے ورلڈ روبوٹ اولمپیاڈ (WRO) کے زیر اہتمام سیلف ڈرائیونگ کار مقابلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پاکستانی ٹیم نومبر میں پاناما سٹی میں ہونے والے WRO’23 انٹرنیشنل فائنل میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔
پاکستان کے تین ہونہار طلباء محمد ہادی سیف، ایان وقار اور علی سیف پر مشتمل ٹیم نے ایک سیلف ڈرائیونگ گاڑی تیار کی ہے جس میں مصنوعی ذہانت کی جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
سکھوں میں انڈیا سے نفرت بڑھنے لگی، کینیڈا میں مندر کی دیواروں پر آزادی کے نعرے لکھ دیے
عالمی اولمپیاڈ کے لیے ان کا انتخاب پاکستان میں ورلڈ روبوٹ اولمپیاڈ کے زیر اہتمام ہونے والے قومی مقابلے میں کامیابی کے بعد عمل میں آیا۔
ورلڈ روبوٹ اولمپیاڈ کے قومی مقابلے میں سیلف ڈرائیونگ کار کے زمرے میں شرکاء کو ایک مکمل سیلف ڈرائیونگ گاڑی ڈیزائن کرنے کا کام سونپا گیا تھا، جس کے تمام مطلوبہ ذیلی شعبوں میں پاکستانی ٹیم نے بھرپور کامیابی حاصل کی۔
پاکستان میں ڈبلیو آر او کے مقابلے کا اہتمام کرنے والی زرتاج احمد کے مطابق یہ ایک تاریخی کامیابی ہے کیونکہ یہ پاکستانی ٹیم کی اس زمرے میں کوالیفائی کرنے کا پہلا موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی ڈیمانڈنگ کیٹیگری میں شرکت بہت خوشی کی بات ہے، اور ہمیں خوشی ہے کہ پاکستانی ٹیم عالمی سطح کے مقابلے میں شرکت کی اہل قرار پائی ہے۔
ٹیم کے لیڈر ہادی سیف کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی جوش و جذبے سے بھرپر کئی مہینوں کی کوششوں اور محنتوں کا نتیجہ ہے۔
ہادی سیف نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارا AI سے گاڑی چلانے کا طریقہ بین الاقوامی مقابلے میں بھی ہمیں کامیابی کے اسٹیج پر پہنچائے گا۔