پاکستانی جڑواں بہنیں منیشا علی اور ملیحہ علی نے تائیکوانڈو میں عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے چیمپئن شپ میں میڈلز جیت لئے۔
انڈونیشیا میں منعقدہ چھٹی ایشین تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں لاہور گیریژن یونیورسٹی کی طالبات نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے اور کانسی کے تمغے جیتے۔
گلگت بلتستان کے علاقے ہنزہ سے تعلق رکھنے والی جڑواں بہنوں منیشا علی اور ملیحہ علی نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ منیشا علی نے 73 کلوگرام سے زائد وزن کی کیٹیگری میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔
چیمپئن شپ کے آغاز میں ملیحہ علی نے 73 کلوگرام کی کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ دونوں بہنیں لاہور گیریژن یونیورسٹی میں ایک خصوصی پروگرام کے تحت زیر تعلیم ہیں۔
مجموعی طور پر پاکستان کی تائیکوانڈو ٹیم نے انڈونیشیا میں چھٹی ایشین اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں تاریخ رقم کی، جس میں تین سونے، تین چاندی، اور دو کانسی کے تمغے جیت کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل حاصل کیا۔
یہ کامیابی ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ یہ پہلی بار ہے کہ پاکستان کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے بین الاقوامی تائیکوانڈو ایونٹ میں اس طرح کی کامیابی حاصل کی ہے۔
ایک سخت مقابلے والی چیمپئن شپ میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ قازقستان نے دوسری اور ملائشیا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ یہ ایونٹ 14 سے 17 اکتوبر تک منعقد ہوا، جس میں ایشیائی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔