پاکستانی سائنس دان کی قیادت میں تحقیق کرنے والی ایک ٹیم کی ’’بائیو میٹرکس سیکیورٹی ایجاد‘‘ پر امریکی ادارے سے سعودی عرب کی شاہ سعود یونیورسٹی کو پیٹنٹ مل گیا۔
العربیہ کے مطابق تحقیق کے شعبے میں عالمی شہرت یافتہ امریکی ادارے سے سعودی عرب کی شاہ سعود یونیورسٹی پیٹنٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی جس کا سہرا پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر محمد خرم خان کے سر جاتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی پروفیسر خرم خان کمپیوٹر سائنس کے میدان میں سعودی عرب کے تیسرے اور دنیا میں 14 ہزار 402 سائنس دانوں میں 761 ویں نمبر پر ہیں۔
ڈاکٹر محمد خرم خان کی زیر قیادت ڈاکٹر ایل لینگ اور پی ایچ ڈی کے طالب علم ڈیبلیو ٹینگفی نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی مدد سے بایومیٹرک شناخت کا محفوظ اور درست ترین طریقہ کار ایجاد کیا ہے۔
پاکستانی سائنس دان کی زیرِ قیادت ایجاد کی گئی ہیشنگ نیٹ ورکنگ کو استعمال کرنے والی اس ٹیکنالوجی سے بائیومیٹرک شناخت کے محفوظ، مؤثر اور درست ترین نفاذ کے طریقے اور نظام میں انقلاب برپا ہوجائے گا۔
اس پروجیکٹ کے لیے اخراجات سعودی عرب کے نیشنل پلان برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے تحقیقاتی فنڈ سے پورے کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستانی پروفیسر محمد خرم خان کنگ سعود یونیورسٹی کے سینٹر آف ایکسی لینس ان انفارمیشن ایشورنس میں سائبر سیکیورٹی سے منسلک ہیں اور سعودیہ میں انھیں دنیا کے بہترین کمپیوٹر سائنس دان کے اعزاز سے بھی نوازا گیا ہے۔