چین میں انور مظہر نامی ایک پاکستانی شہری گزشتہ دن آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد ہیرو کی حیثیت سے سامنے آیا ہے۔
گزشتہ دن شمال مغربی چین کے صوبہ کنگھائی (Qinghai) اور گانسو صوبوں میں آنے والے 6.2 شدت کے زلزلے کے بعد انور مظہر نے خاموشی سے امدادی سامان کی ایک کھیپ خریدی اور فوری طور پر گانسو صوبے کی جیشیشان کاؤنٹی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں کی طرف روانہ ہوگیا۔
چینی سوشل میڈیا کے مطابق جیشیشان میں زلزلہ متاثرین میں امداد تقسیم کرنے کے بعد انور مظہر نے ایک بار پھر امدادی سامان خریدا اور صوبہ کنگھائی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں کا رخ کرلیا۔
انور مظہر کی ان ذمے دارانہ اور انسانی ہمدردی سے بھرپور سرگرمیوں نے جلد ہی مقامی سوشل میڈیا پر لاتعداد صارفین کی توجہ حاصل کرلی، جسے بڑے پیمانے پر سراہا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں انور مظہر کا کہنا ہے کہ چین ہمیشہ پاکستان کا برادر ملک رہا ہے اور اس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ اس لیے چین میں آنے والے اس مشکل وقت میں میرا فرض ہے کہ میں چینی بھائیوں کی خدمت کروں۔
چینی حکام کے مطابق جمعہ کی صبح 8 بجے تک زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد 117 ہو گئی تھی، جبکہ زخمیوں کی تعداد 781 تھی، خدشہ ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہوگا۔