اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایران کے صوبے سیستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جسے آپریشن مرگ بر سرمچار کا نام دیا گیا ہے۔آپریشن کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے صبح کے وقت سیستان میں دہشت گردوں کی مخصوص پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا۔ سیستان میں انٹیلی جنس بیسڈ پاکستانی آپریشن میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ایران نے ہمارے سنگین خدشات پر ردِ عمل نہیں دیا تھا۔
دفتر خارجہ ترجمان نے کہا کہ سنگین خدشات پر عمل نہ ہونے کے باعث نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے۔ گزشتہ چند سال سے پاکستان ایران سے روابط میں بار بار دہشت گردوں کے متعلق آگہی دیتا رہا ہے جبکہ دہشت گرد ایران میں تھے۔
اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ دہشت گرد ایران کے حکومتی عملداری سے محروم علاقوں میں قیام پذیر تھے۔ پاکستان نے یہ کارروائی تمام خطرات کے خلاف قومی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کیلئے کی جس کا غیر متزلزل عزم کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی سکیورٹی فورسز نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، بلوچستان میں میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ ایرانی سرکاری ٹی وی نے جیش العدل نامی تنظیم کا حوالہ دے کر حملوں کا اعتراف کیا تھا۔