انقرہ: ترکیہ کے نزدیک غیر قانونی تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب جانے کے نتیجے میں پاکستانی جوڑا اپنے بچوں سمیت جاں بحق ہوگیا ہے جن میں سیّد آغا علی، ان کی اہلیہ طاہرہ اور 5 سے 14سال کے 4بچے شامل ہیں۔
نجی ٹی وی (اے آر وائی) کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے رہائشی سیّد علی آغا بہتر مستقبل کی امید لیے خاندان سمیت ایران سے یورپ جاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں سیّد علی آغا اور اہلیہ طاہرہ بی بی کے علاوہ 5 سالہ کوثر، 10 سالہ فاطمہ، 12 سالہ سجاد اور 14سالہ سبحان شامل ہیں۔
سمندر میں سفر کرتے ہوئے 15 مارچ کو آنے والے طوفان نے کشتی تباہ کردی، خوفناک حادثے کے نتیجے میں تمام مسافر جاں بحق ہوگئے۔ اہلِ خانہ کے بیان کے مطابق 20 مارچ کو ترکیہ سے موصول ہونے والی فون کال پر سیّد علی آغا اور اہلِ خانہ کے انتقال کرجانے کی اطلاع ملی۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں پاکستانی سفارت خانے نے لاشوں کی واپسی کا طریقہ کار پیچیدہ اور مہنگا بتایا، اس لیے ہم نے حکام کو تدفین کی اجازت دے دی۔ حادثے میں جان کی بازی ہار جانےوا لے 23 افراد کی لاشیں سمندر سے نکال لی گئی ہیں۔ علی آغا کی اہلِ خانہ سمیت تدفین ترکیہ میں کردی گئی۔ ٓ