لاہور: پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی کپتان ماریہ خان نے سعودی فٹبال کلب ایسٹرن فلیمز سے معاہدہ سائن کرلیا ہے، قومی فٹبالر سعودی عرب میں پروفیشنل فٹبال کھیلنے والی پہلی پاکستانی خاتون فٹبالر ہوں گی۔
سعودی ویمنز پریمیئر لیگ کے کلب ایسٹرن فلیمز نے جمعہ کو اس بات کا اعلان کیا کہ اس سیزن کیلئے پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی کپتان اور مڈ فیلڈر ماریہ خان کو سائن کرلیا گیا ہے۔
کلب کے مطابق پاکستانی پروفیشنل فٹبالر کو سائن کرنے کا مقصد سعودی پریمیئر لیگ کے نئے سیزن میں ٹیم کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ کلب کے پلیئرز روسٹر کے مطابق اس کے پاس کولمبیا، الجزائر اور مراکش کی فٹبالرز بھی موجود ہیں۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے ٹکٹوں کی فروخت 25 اگست سے شروع ہوگی
سعودی پریمیئر لیگ کے گزشتہ سال ہونے والے پہلے سیزن میں ایسٹرن فلیمز صرف دو میچ جیت پائی تھی۔
ماریہ خان کو گزشتہ برس پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا، اس سال کے آغاز میں سعودی عرب میں ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں میزبان ٹیم کے خلاف میچ میں ان کے فری کک کے گول نے ہر کسی کی توجہ حاصل کرلی تھی۔
وہ سعودی عرب میں پروفیشنل لیگ کھیلنے والی پہلی پاکستانی خاتون فٹبالر ہوں گی۔
2014 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی سابقہ کپتان ہاجرہ خان نے مالدیپ کے کلب سے معاہدہ کیا تھا اور کسی بھی غیر ملکی کلب کی جانب سے سائن کی جانے والی پہلی پاکستانی خاتون فٹبالر بنی تھیں۔