پاکستانی بیس بال ٹیم نے عرب کلاسک بیس بال کے فائنل میں میزبان متحدہ عرب امارات کو 1-12 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ، قومی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی۔
یہ ٹورنامنٹ بیس بال یونائیٹڈ کے زیر اہتمام منعقد ہوا، جس میں پاکستانی ٹیم نے مسلسل چھ کامیابیاں حاصل کرکے اپنی برتری قائم رکھی۔
ابتدائی دو اننگز میں مقابلہ سخت رہامگر پاکستان نے پہلا رن باؤنڈری لگا کر برتری حاصل کی۔ اس کے بعد مہمان ٹیم نے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا۔ موسیٰ نونومیا نے ایک شاندار ہوم رن کے ذریعے کھیل میں جان ڈال دی اور ساتویں اننگز تک پاکستان نے 1-7 کی برتری حاصل کر لی۔ میچ کا اختتام 1-12 کے بڑے فرق سے ہوا۔
پاکستان نے اس ٹورنامنٹ میں اپنے تمام چھ میچ جیتے، جن میں بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات (دو بار)، بھارت، افغانستان، اور سری لنکا کے خلاف فتوحات شامل ہیں۔ سیمی فائنل میں سری لنکا کے خلاف سب سے سخت مقابلہ ہوا، جس میں پاکستان نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔محمد حسین کو شاندار کارکردگی کی بنا پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہ ٹورنامنٹ بیس بال یونائیٹڈ نے منعقد کیا، جو مشرق وسطیٰ میں بیس بال کو فروغ دینے والی واحد تنظیم ہے اور اس نے علاقائی ٹیموں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا۔ پاکستان کی 14 رکنی ٹیم نے چار روزہ مقابلوں میں زبردست کھیل پیش کیا، اور اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔
یہ کامیابی بین الاقوامی بیس بال میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی قوت کو مزید تقویت دیتی ہے اور ملک کے عالمی کھیلوں میں قدم جمانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔