اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان کے اندر امن پاکستان کیلئے اہم ہے، افغانستان میں مستحکم حکومت دیکھنا چاہتے ہیں، امریکا اور چین دنیا کی دو بڑی اقتصادی طاقتیں ہیں، ان کے درمیان بہتر تعلقات سے پوری دنیا میں بہتری آئیگی، وزیراعظم نے امریکا ، چین اور افغانستان کے معاملات پر اپنا نکتہ نظر واضح کیا، افغانستان سے متعلق اپنی سرزمین کسی کو استعمال نہیں کرنے دینگے۔
پاک امریکا تعلقات باالخصوص افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے نیویارک ٹائم کو اپنے انٹرویو میں امریکا ، چین اور افغانستان کے معاملات پر اپنا نکتہ نظر واضح طور پر دنیا کے سامنے رکھا ہے، اپنے انٹرویو میں وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ تعلقات کی ایک نئی جہت بیان کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں امریکا کے ساتھ تعلقات کوسیکورٹی کے تناظر میں دیکھا جاتا تھا، وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ سیکورٹی تعلقات کی بجائے اقتصادی تعلقات پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نیویارک ٹائمز کے ساتھ انٹرویو میں بھارت کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر مستقبل میں بھارت کے ساتھ ہمارے تعلقات ٹھیک ہوتے ہیں تو بھارت اور چین دو بڑی منڈیوں کے درمیان پاکستان کو جغرافیائی لحاظ سے اہم مقام حاصل ہوگا، اس طرح دنیا بشمول امریکا پاکستان کو نظر انداز نہیں کر سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے افغانستان کے حوالے سے بھی موقف واضح کیا کہ ہم اپنی سرزمین نہ تو امریکا اور نہ ہی افغانستان کے متحارب دھڑوں کو استعمال کرنے دیں گے۔
وزیراعظم کا موقف ہے کہ اگر افغانستان میں صورتحال خراب ہوتی ہے تو پھر ہم افغانستان کے ساتھ اپنی سرحد مکمل طور پر سیل کرنے کا سوچ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:شہبازشریف کی اوورسیز پاکستانیوں کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز