کولمبو: قومی کرکٹ ٹیم گال میں آج میزبان ٹیم سری لنکا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، 2 پانچ روزہ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ سنسنی خیز رہنے کی توقع کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم گال ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف شاندار کھیل کیلئے تیار ہوگئی۔ کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ تاحال بولرز کے فائنل کمبی نیشن کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔ ہم نے ون ڈے اور ٹی 20 میں کمبی نیشن اچھا بنارکھا ہے۔
اپنے حالیہ بیان میں کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے بولنگ اٹیک میں نواز، شاداب اور اسامہ میر اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں۔ ابرار احمد ابھی ٹیسٹ کرکٹ پر توجہ دے رہے ہیں اور پرفارمنس بھی اچھی ہے۔
بیان میں قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ گال کی وکٹ اسپنرز کیلئے سازگار ہے جبکہ شاہین آفریدی ہر قسم کی صورتحال میں بولنگ کیلئے تیاری رکھتے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹرافی کے فوٹو سیشن کی تقریب گزشتہ روز ہوئی تھی۔
تاہم سری لنکا میں موسم ابر آلود ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ گال ٹیسٹ کے پانچوں دن بارش متوقع ہے جس سے 5 روزہ میچ متاثر ہوسکتا ہے۔ میچ کا آغاز 9 بجے ہوگا۔