اسلام آباد: چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا، عیدالفطر کل ہوگی۔چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی نے ملک بھر کے شہریوں کو عید کی پیشگی مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پاکستان میں عید کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج شوال 1445ہجری کے چاند کا فیصلہ کرنے کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی نے کہا کہ آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع صاف اور کچھ مقامات پر مطلع ابر آلود بھی رہا۔ ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن میں کراچی، فیصل آباد اور اسکردو شامل ہیں۔
رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک بھر سے موصول شہادتوں کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم شوال 1445 ہجری 10 اپریل 2024 بروز بدھ کو ہوگی۔ آپ کو اور اہلِ اسلام کو یکم شوال اور عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔