اسلام آباد: ملک بھر میں مسلسل تیسری بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، یکم ستمبر سے اگلے 15روز تک کیلئے قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں فی لیٹر 5 تا 6 روپے کمی کا تخمینہ لگایا ہے، جس کی بنیادی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی کم قیمتیں ہیں۔عالمی مارکیٹ میں گزشتہ 15 روز میں قیمتیں 2 سے 2.30ڈالر فی بیرل تک گر گئیں۔
حکومت کی جانب سے حتمی شرح تبادلہ کا حساب کتاب لگانے اور موجودہ ٹیکس شرحوں پر پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں 5 روپے سے 5 روپے 50 پیسے کمی کا امکان ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ مین پیٹرول کی اوسط قیمت 82.50 ڈالر فی بیرل سے گر کر 80.40 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں شامل ڈیزل کی قیمت 90.30 ڈالر فی بیرل کے مقابلے میں کم ہو کر 88 ڈالر فی بیرل تک آگئی۔موجودہ 15 دن کے دوران پیٹرول پر درآمدی پریمیم تقریباً 50 سینٹس فی بیرل تنزلی کے بعد 8.50 ڈالر فی بیرل ہو گیا ہے۔
درآمدی پریمیم ڈیزل کے لیے 5 ڈالر فی بیرل پر برقرار ہے، ادھر کرنسی کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں 25 سینٹس بڑھی۔ایکس ڈپو پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 260 روپے 96 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 266 روپے 7 پیسے فی لیٹر ہے۔
خیال رہے کہ 14 اگست سے نافذ العمل قیمتوں کے تعین کے آخری جائزے میں حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 8.47 روپے اور 6.70 روپے فی لیٹر کمی کر دی تھی۔ستمبر کے آئندہ 15روز تک کیلئے قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔