لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈز کا اعلان کر دیا۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ آل راؤنڈر سلمان علی آغا نائب کپتان کے فرائض انجام دیں گے۔
اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق اور فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کی ون ڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جو آخری بار ورلڈ کپ 2023 میں نظر آئے تھے۔
ون ڈے اسکواڈ میں محمد رضوان (کپتان)، سلمان علی آغا (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عاکف جاوید، بابر اعظم، فہیم اشرف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، سفیان مقیم اور طیب طاہر شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر سلمان علی آغا کریں گے جبکہ لیگ اسپنر شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن نواز، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد عباس آفریدی، محمد علی، محمد حارث، محمد عرفان خان، عمیر بن یوسف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔
عاقب جاوید نے کہا کہ قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ دو بڑے ٹورنامنٹس ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025 اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔