پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں سرمایہ کاروں کے پرجوش اعتماد اور پائیدار معاشی اشاریوں کے باعث پیر کو بھی تیزی کا رجحان غالب رہا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ میں پہلی مرتبہ 1 لاکھ 25 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔
کاروباری سیشن کے دوران مارکیٹ میں نمایاں مثبت ٹریڈنگ دیکھی گئی اور ایک موقع پر انڈیکس 125,748 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح کو بھی چھو گیا۔ دن کے اختتام پر انڈیکس 1,248 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 125,627.31 پر بند ہوا، جو کہ اب تک کی بلند ترین اختتامی سطح ہے۔
تیزی کا یہ رجحان صرف انڈیکس کی حد تک محدود نہیں رہا، بلکہ آٹوموبائل، سیمنٹ، کمرشل بینک، تیل و گیس، ریفائنری، بجلی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز (OMCs) جیسے کلیدی شعبے بھی روشن رہے۔
نمایاں کمپنیوں میں اٹک ریفائنری، حب پاور ، ماری پیٹرولیم ،او جی ڈی سی، پی پی ایل، پی او ایل، پی ایس او، ایس ایس جی سی نے مثبت زون میں ٹریڈنگ کی۔
گزشتہ ہفتے بھی PSX نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جب انڈیکس میں 4,355 پوائنٹس (3.6%) کا ہفتہ وار اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور وہ 124,379 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ مارکیٹ میں اس مثبت رجحان کی بڑی وجہ قومی بجٹ کی باآسانی منظوری اور خطے میں کشیدگی میں کمی قرار دی جا رہی ہے۔
عالمی منظرنامے پر بھی حالات نے مارکیٹ کے اعتماد کو سہارا دیا۔ ایشیائی حصص میں بہتری دیکھی گئی جس کی بنیادی وجہ امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی کشیدگی میں بہتری اور امریکی ڈالر کی قدر میں کمی تھی۔