کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی،تاہم34ہزار کی نفسیاتی حد بحال رہی اورکے ایس ای100انڈیکس17.96پوائنٹس کی کمی سے34034.65پوائنٹس کی سطح پر آگیاجب کہ63.05فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو 2ارب 65کروڑ6لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
گزشتہ روزپاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص خریداری کا رجحان دیکھنے کو ملا،دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس34161پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مندی چھاگئی۔
مندی کے نتیجے میں انڈیکس 33939پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا،مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس17.96پوائنٹس کی کمی سے34034.65پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 58.84پوائنٹس کی کمی سے14718.84پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 10.01پوائنٹس کی کمی سے24391.24پوائنٹس ہوگیا۔
آج کے دن 360کمپنیوں کے حصص کاروبار ہوا جن میں سے104کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ227میں کمی اور29میں استحکام رہا۔مندی کے سبب سرمائے کا مجموعی حجم64کھرب61ارب7کروڑ58لاکھ روپے سے گھٹ کر64کھرب58ارب42کروڑ52لاکھ روپے ہو گیا۔