کراچی:پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بجٹ 2020-21کے بعد پہلے کاروباری روز (پیر)کے دوران بدترین مندی دیکھنے کو ملی، 100 انڈیکس 786.72 پوائنٹس نیچے آگیا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز (پیر)کے دوران ملک بھر میں سرمایہ کاروں کی طرف سے ٹریڈنگ کے دوران دلچسپی نہیں لی گئی، جس کے نتیجے میں 786.72 پوائنٹس کی تنزلی ریکارڈ کی گئی۔
آج کے دن جب کاروبار کا آغاز ہوا تو غیر یقینی کی صورتحال چھائی رہی، کاروبار کے پہلے دو گھنٹوں کے دوران 262 سے زائد پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی، اسی کا تسلسل آگے جا کر دیکھنے کو ملا اور دوپہر بارہ بجے کے بعد انڈیکس میں 500 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔
پورے کاروباری روز کے دوران مندی کا تسلسل جاری رہا، اور پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 786.72 پوائنٹس کی مندی پر ہوا، جس کے باعث انڈیکس 33824.51 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
کاروبار میں 2.27 فیصد کی گراوٹ دیکھنے کو ملی، جبکہ 16 کروڑ 45 لاکھ 16 ہزار 745 شیئرز کا لین دین کیا گیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔