کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز (پیر) 203 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز (پیر) اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا، دورانِ ٹریڈنگ 100 انڈیکس 300 پوائنٹس بھی بڑھ گیا مگر اختتام پر سرمایہ کاروں نے شیئرز فروخت کرکے منافع کمانے کو ترجیح دی۔
جبکہ پورے دن کے دوران ایسا بھی ہوا کہ سرمایہ کار سرمایہ لگانے میں شش و پنج کا شکار نظر آئے، جبکہ اسٹاک مارکیٹ 203 پوائنٹس کمی کے بعد 100 انڈیکس 33 ہزار 804 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
معاشی ماہرین کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں کمی کے اعلان کے بعد بینکوں کے منافع میں کمی کا امکان ہے یہی وجہ ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ بینکوں کے حصص کی مالیت میں کمی ریکارڈ کی گئی، سرمایہ کار شیئرز کو فروخت کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
دوسری جانب روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، انٹربینک ڈالر 28 پیسے اضافے سے 160 روپے 37 پیسے پر بند ہوا۔