پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئے سال کے پہلے دن شاندار آغاز کرتے ہوئے ریکارڈ منافع حاصل کیاجو 2024 کے آخری دنوں کی مثبت کارکردگی کا تسلسل ہے۔
بدھ کے روز پاک آبزرور کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس میں 929اعشاریہ 53 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ 116056 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اس اضافے کی وجہ حکومت کی جانب سے پیش کردہ نئے اقتصادی منصوبے کو قرار دیا جا رہا ہے، جس نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کیا۔
گزشتہ روز100انڈیکس میں 132اعشاریہ 09 پوائنٹس کی معمولی کمی ہوئی تھی جو کہ 0اعشاریہ 11 فیصد کمی کے ساتھ 115126اعشاریہ 90 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
تجارتی سیشن کے دوران کل 1236873705 حصص کا لین دین ہواجو گزشتہ تجارتی دن کے 1059020119 حصص سے زیادہ تھا۔ شیئرز کی مجموعی مالیت 44اعشاریہ 218 ارب روپے رہی، جو گزشتہ روز کے 40اعشاریہ 889 ارب روپے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
کل 465 کمپنیاں مارکیٹ میں شامل ہوئیں، جن میں سے 235 کے حصص کی قیمت میں اضافہ ہوا، 188 کو نقصان ہوا، جبکہ 42 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار جاری ہے، اور یہ دیکھنا باقی ہے کہ کے ایس ای 100 انڈیکس کاروباری دن کے اختتام پر کس سطح پر پہنچے گا تاہم سرمایہ کاروں کا رجحان مثبت دکھائی دیتا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ دن کے دوران مزید سرمایہ کاری دیکھنے کو ملے گی۔ مارکیٹ کی موجودہ صورتحال متحرک ہے، اور شرکاء حالات کے مطابق اپنی حکمت عملیوں میں ردوبدل کر رہے ہیں۔