کراچی:پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مسلسل دوسرے روز جمعرات کو بھی مندی کا رجحان غالب رہا اورکے ایس ای100انڈیکس376.93پوائنٹس کی کمی سے44929.61پوائنٹس کی سطح پرآ گیا۔
جب کہ70.76فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو65ارب 20کروڑ40لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 15.97فی صدکم رہا۔
گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی پر کشش قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خریداری کی گئی جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 45494پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا۔
تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا دباوٗ بڑھنے کے سبب تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مندی چھاگئی جس کے نتیجے میں انڈیکس 44882پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں 44900کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کا رجحان غالب رہا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس376.93پوائنٹس کی کمی سے44929.61پوائنٹس کی سطح پربند ہواجب کہ کے ایس ای30انڈیکس 128.29پوائنٹس کی کمی سے18375.17پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 251.59پوائنٹس کی کمی سے30468.62پوائنٹس کی سطح پرآگیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر390کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 92کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 276میں کمی اور22میں استحکام رہا۔
مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت78کھرب99ارب42کروڑ51لاکھ روپے سے گھٹ کر78کھرب 34ارب 22کروڑ 11لاکھ روپے ہوگئی۔