کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بدھ کو بھی مندی کا رجحان غالب رہاجس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس194.97پوائنٹس کی کمی سے 41186.86پوائنٹس کی سطح پرآ گیا۔
59.27فی صد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے سبب سرمایہ کاروں کو36ارب6کروڑ48لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاجب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم منگل کی نسبت23.41فیصدکم رہا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغازمثبت زون میں ہوا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی کے باعث تیزی رہی جس کے باعث ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس41695 پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا رجحان بڑھ گیا جس کے سبب مندی چھاگئی جو آخر تک برقرار رہی اورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 194.97پوائنٹس کی کمی سے41186.86پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
جب کہ کے ایس ای30انڈیکس 80.48ائنٹس کی کمی سے 17297.09پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 137.33پوائنٹس کی کمی سے 28976.13پوائنٹس پربند ہوا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر415کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے151کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 246میں کمی اور18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے کا مجموعی حجم76کھرب45ارب33کروڑ90لاکھ روپے سے گھٹ کر76کھرب9ارب27کروڑ42لاکھ روپے ہوگیا۔