کراچی:پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100انڈیکس 85.97پوائنٹس کی کمی سے40473.18پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ 70.61فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی۔
مندی کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت میں 33ارب81کروڑ4لاکھ روپے کی کمی ہوئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت1.47فیصدکم رہا۔
گزشتہ روز کاروبار کا آغازمثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 41ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے41119پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی غرض سے شیئرز فروخت کا دباؤ بڑھ گیا جس کے باعث تیزی کا رجحان مندی میں تبدیل ہوگیا اور دوران ٹریڈنگ انڈیکس 40338پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں ریکوری آئی لیکن مندی کے اثرات زائل نہ ہوسکے۔
کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس85.97پوائنٹس کی کمی سے40473.18پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس18.79پوائنٹس کی کمی سے 17625.82پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس126.61پوائنٹس کی کمی سے28221.08پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
گزشتہ روز 405کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 99کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 286میں کمی اور 20میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی آنے کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت74کھرب91ارب31کروڑ74لاکھ روپے سے گھٹ کر74کھرب57ارب50کروڑ70لاکھ روپے ہوگیا۔