کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو بھی اتار چڑھاوٗ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد تیزی غالب آگئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس 137.61پوائنٹس کے اضافے سے40144.29پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا؟
70.09فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت23ارب18کروڑ86لاکھ روپے بڑھ گئی تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیرکی نسبت19.76فیصد کم رہا۔
گذشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں کے ایس ای100انڈیکس 40183پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا لیکن تھوڑی دیر بعد ہی پیر اور منگل کی طرح ملک میں سیاسی عدم استحکام اور آئندہ ہفتے ایف اے ٹی ایف کے ہونیو الے اجلاس کے حوالے سے مختلف خدشات کے پیش نظر سرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اپناتے ہوئے حصص فروخت کرنے شروع کردیے، جس کے سبب مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی۔
جس کے سبب کے ایس ای 100انڈیکس 40ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے39840پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا لیکن بعد میں مندی کے نتیجے میں سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری کے باعث ریکوری آنے سے تیزی رجحان غالب آگئی اور کاروبار کے اختتا م پر کے ایس ای100انڈیکس 137.61پوائنٹس کے اضافے سے40144.29پوائنٹس پر بند ہوا۔
جب کہ کے ایس ای30انڈیکس 26.62پوائنٹس کے اضافے سے16943.19پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 101.77پوائنٹس کے اضافے سے28473.89پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر408کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے286کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 108میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔