کراچی: پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی تیزی کا رجحان جاری رہا اور کے ایس ای100انڈیکس مزید266.33پوائنٹس کے اضافے سے41377.26پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیاجب کہ65.56فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 42ارب 75کروڑ82لاکھ روپے بڑھ گئی اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت 68.09فیصد زائد رہی۔
گزشتہ روز کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرز عمل کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 41096پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم بعد ازاں منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز خریداری کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی اورنڈیکس 41401پوائنٹس کی بلند سطح پرپہنچ گیا۔
بعد میں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے سبب 41400کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی غالب آگئی اورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 0.65فیصد اضافے سے 41377.26پوائنٹس کی سطح پربند ہوا اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس69.17پوائنٹس کے اضافے سے17776.37پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس161.87پوائنٹس کے اضافے سے29122.86پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ روز424کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں 278کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 125میں کمی اور21میں استحکام رہا۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت بڑھ کر76کھرب93ارب12کروڑ81لاکھ روپے ہوگئی۔