کراچی:پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ مندی کے بعد بدھ کو پھر تیزی کا رجحان لوٹ آیااور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص خریداری میں بھرپور دلچسپی کے باعث کے ایس ای100نڈیکس کی45ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور انڈیکس502.99پوائنٹس کے اضافے سے45153.42پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
جب کہ55.63 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت94 ارب97کروڑ97لاکھ روپے بڑھ گئی اورحصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم منگل کی نسبت14.10فیصدزائد رہا۔
گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوااور سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں زبردست دلچسپی لی گئی جس کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس 45194پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
تیزی کارجحان آخر تک برقرار رہا اورکاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس502.99پوائنٹس کے اضافے سے45153.42پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس212.97پوائنٹس کے اضافے سے18921.67پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس364.42پوائنٹس کے اضافے سے31630.58پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر417کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جن میں 232کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 168میں کمی اور17میں استحکام رہا۔تیزی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت81کھرب48ارب85کروڑ2لاکھ روپے سے بڑھ کر82کھرب43ارب82کروڑ99لاکھ روپے ہوگئی۔