کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں دوروزہ مندی کے بعد کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو ریکوری آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس102.25 پوائنٹس کے اضافے سے42204.03پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔
52.92فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکیا گیاجس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 24ارب78کروڑ86لاکھ روپے گئی جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی منگل کی نسبت6.93فیصدزائد رہا۔
ملک میں سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغازمیں سرمایہ کار تذبذ ب کا شکار نظر آئے جس کی وجہ ابتدائی اوقات میں کے ایس ای100انڈیکس42024پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا۔
تاہم بعد ازاں ریکوری آئی اور سرمایہ کاروں نے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری شروع کردی جس کے نتیجے میں تیزی آگئی اور دوران ٹریڈنگ انڈیکس 42350پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد میں مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا۔
کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس102.25پوائنٹس کے اضافے سے 42204.03پوائنٹس پر بند ہوا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس98.41 پوائنٹس کے اضافے سے29575.17 پوائنٹس اورکے ایس ای30انڈیکس 57.95پوائنٹس کے اضافے سے 17691.26پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر393کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے208کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 162میں کمی اور23کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔